بھٹکل ،7؍ اکتوبر (ایس او نیوز) شہر کے جالی علاقہ میں واقع ایک گھر میں گھس کر چوری کی واردات انجام دینے اور الماری سے سونے کے زیورات کے علاوہ موبائل فون اڑا لے جانے کے الزام میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے جس کی شناخت شیرکولی ہونڈا کے رہنے والے خواجہ عبدالستار کے طور پر کی گئی ہے ۔
تعمیراتی مزدوری کرنے والے خواجہ پر الزام ہے کہ اس نے 28 اگست کو جالی روڈ پر واقع مکان کا دروازہ توڑ کر اندر گھسنے کے بعد تقریباً 5.20 لاکھ روپے مالیت کے 104 گرام وزنی سونے کے زیورات اور سیمسنگ کمپنی کا موبائل فون چرایا ہے ۔
مالک مکان کی شکایت پر ضلع کے اعلیٰ پولیس افسران کی رہنمائی میں بھٹکل ڈی وائی ایس پی بیلی اپاکی قیادت میں سرکل پولیس انسپکٹر دیواکر کی نگرانی میں خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کا پتہ لگایا اور اسے گرفتار کرنے کے ساتھ مسروقہ زیورات اور فون برآمد کرنے میں کامیاب ہوگئی ۔